دسمبر 2022 Archives
جِس نے سمُندر میں راہ اور سَیلاب میں گُذر گاہ بنائی۔۔۔۔۔یعنی خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ پِچھلی باتوں کو یاد نہ کرو اور قدیم باتوں پر سوچتے نہ رہو۔ دیکھو میَں ایک نیا کام کرُوں گا۔ اب وہ ظہور میں آئے گا۔ کیا تُم اُس سے ناواقِف رہو گے؟ ہاں میَں بیابان میں ایک راہ اور صحرا میں ندیاں جاری کرُوں گا۔
میَں نے تُم سے یہ باتیں اِس لِیے کہی کہ تُم مُجھ میں اِطمینان پاؤ۔ دُنیا میں مُصیبت اُٹھاتے ہو لیِکن خاطِر جمع رکھو میَں دُنیا پر غالِب آیا ہُوں۔
تُمہارا دِل نہ گھبرائے تُم خُدا پر ایمان رکھتے ہو مُجھ پر بھی ایمان رکھو۔ میرے باپ کے گھر میں بہُت سے مکان ہے اگر نہ ہوتے تو میَں تُم سے کہہ دیتا کِیُونکہ میں جاتا ہُوں تاکہ تُمہارے لیے جگہ تیار کروں ۔ اور اگر میَں جا کر تُمہارے لِیے جگہ تیار کرُوں تو پھر آ کر تُمہیں اپنے ساتھ لے لُوں گا تاکہ جہاں میَں ہُوں تُم بھی ہو۔
اَے محنت اُٹھانے والو اور بوجھ سے دبے ہُوئے لوگو سب میرے پاس آؤ۔ میں تُم کو آرام دُوں گا۔
اَے میری جان خُداوند کو مُبارک کہہ اور جو کُچھ مُجھ میں ہے اُس کے قُدُوس نام کو مُبارک کہے۔ اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ اور اُس کی کِسی نعمت کو فراموش نہ کر۔ وہ تیری ساری بدکاری کو بخشتا ہے۔ وہ تُجھے تمام بیماریوں سے شِفا دیتا ہے۔
تو اُس نے اُسے اپنی گود میں لِیا اور خُدا کی حمد کر کے کہا کہ۔ اَے مالک اَب تُو اپنے خادِم کو اپنے قول کے مُوافِق سَلامتی سے رُخصت کرتا ہے۔ کِیُونکہ میری آنکھوں نے تیری نِجات دیکھ لی ہے۔ جو تُو نے سب اُمتوں کے رُو برُو تیار کی ہے۔ تاکہ غیر قوموں کو روشنی دینےوالا نُور اور تیری اُمت اِسرائیل کا جلال بنے۔
اِس لِئے ہمارے لِئے ایک لڑکاپیدا ہُوا اور ہم کو ایک بیَٹا بخشا گیا اور سلطنت اُس کے کندھے پر ہوگی اور اُس کا نام عجِیب مُشیر خُداے قادِر ابدِیت کا باپ سلامتی کا شہزادہ ہوگا۔
پَس اُنہوں نے جلدی جا کر مریم اور یُوسف کودیکھا اور اُس بچے کو چرنی میں پڑا پایا۔ اور اُنہیں دیکھ کر وہ بات جو اُس لڑکے کے حق میں اُن سے کہی گئی تھی مشہُور کی۔ اور سب سُننے والوں نے اِن باتوں پر جو چرواہوں نے اُن سے کہیں تعجُب کیا۔ مگر مریم اِن باتوں کو اپنے دِل میں رکھ کر غور کرتی رہی۔ اور چرواہے جیسا اُن سے کہا گیا تھا وَیسا ہی سب کُچھ سُن کر اور دیکھ کر خُدا کی تمجید اور حمد کرتے ہُوئے لَوٹ گئے۔
کہ آج داؤد کے شہر میں تُمہارے لئے ایک مُنجی پیَدا ہُؤا یعنی مسیِح خُداوند۔ اور اِس کا تُمہارے لئے یہ نِشان ہے کہ تُم ایک بَچے کو کپڑے میں لِپٹا اور چرنی میں پڑا ہُؤا پاؤ گے۔ اور یکا یک اُس فرشتہ کے ساتھ آسمانی لشکر کی ایک گروہ خُدا کی حمد کرتی اور یہ کہتی ظاہر ہُوئی کہ۔ عالمِ بالا پر خُدا کی تمجید ہو اور زمین پر اُن آدمیوں میں جِن سے وہ راضی ہے صُلح۔
اُسی علاقے میں چرواہے تھے جو رات کو میَدان میں رہ کر اپنے گلہ کی نگہبانی کر رہے تھے۔ اور خُداوند کا فرشتہ اُن کے پاس آ کھڑا ہُؤا اور خُداوند کا جلال اُن کے چوگرد چمکا اور وہ نہایت ڈر گئے۔ مگر فرشتہ نے اُن سے کہا ڈَرو مَت کِیُونکہ دیکھو میں تُمہیں بڑی خوشی کی بشارت دیتا ہُوں جو ساری اُمت کے واسطے ہوگی۔ کہ آج داؤد کے شہر میں تُمہارے لئے ایک مُنجی پیَدا ہُؤا یعنی مسیِح خُداوند۔
جب وہ وہاں تھے تو اَیسا ہُؤا کہ اُس کے وضعِ حمل کو وقت آ پہنچا۔ اور اُس کا پہلوٹھا بیَٹا پیَدا ہُؤا اور اُس نے اُس کو کپڑے میں لپیٹ کر چرنی میں رَکھا کِیُونکہ اُن کے واسطے سرائے میں جگہ نہ تھی۔
اُن دِنوں میں اَیسا ہُوا کہ قیصر اَوگوستُس کی طرف سے یہ حُکم جاری ہُوا کہ ساری دُنیا کے لوگوں کے نام لِکھے جائیں۔۔پَس یُوسف بھی گلیل کے شہر ناصرۃ سے داؤد کے شہر بیت لحم کو گیا جو یہُودیہ میں ہے۔ اِس لئے کہ وہ داؤد کے گھرانے اور اُولاد سے تھا۔ تاکہ اپنی منگیتر مریم کے ساتھ جو حامِلہ تھی نام لِکھوائے۔
اور اَے لڑکے تُو خُدا تعالیٰ کا نبی کہلائے گا کِیُونکہ تو خُداوند کی راہیں تیار کرنے کو اُس کے آگے آگے چلے گا۔ تاکہ اُس کی اُمت کو نِجات کا عِلم بخشے جو اُن کو گُناہوں کی مُعافی سے حاصِل ہو۔ یہ ہمارے خُدا کی عین رحمت سے ہوگا جِس کے سبب سے عالمِ بالا کا آفتاب ہم پر طُلُوع کرے گا۔
خُداوند اِسرائیل کے خُدا کی حمد ہو کِیُونکہ اُس نے اپنی اُمت پر تُوجہ کرکے اُسے چھُٹکارا دیا۔ اور اپنے خادِم داؤد کے گھرانے میں ہمارے لِئے نِجات کا سینگ نکالا۔( جیسا اُس نے اپنے پاک نبیوں کی زبانی کہا تھا جو کہ دُنیا کے شُروع سے ہوتے آئے ہیں۔)
وہ اِن باتوں کو سوچ ہی رہا تھا کہ خُداوند کے فرِشتہ نے خواب میں دِکھائی دے کر کہا اَے یُوسُف اِبنِ داؤد اپنی بیوی مریم کو اپنے ہاں لے آنے سے نہ ڈر کِیُونکہ جو اُس کے پیٹ میں ہے وہ رُوح القُدُس کی قُدرت سے ہے۔ اُس کے بَیٹا ہوگا اور تُو اُس کا نام یِسُوع رکھنا کِیُونکہ وُہی اپنے لوگوں کو اُن کے گُناہوں سے نِجات دے گا۔
پِھر مریمؔ نے کہا کہ میری جان خُداوند کی بڑائی کرتی ہے۔اور میری رُوح میرے مُنّجی خُدا سے خُوش ہُوئی۔کیونکہ اُس قادِر نے میرے لِئے بڑے بڑے کام کیے ہیں۔اور اس کا نام پاک ہے۔
فرِشتہ نے اُس سے کہا اَے مریم! خَوف نہ کر کِیُونکہ خُداوند کی طرف سے تُجھ پر فضل ہُؤا ہے۔ اور دیکھ تُو حامِلہ ہوگی اور تیرے بیَٹا ہوگا۔ اُس کا نام یِسُوع رکھنا۔ وہ بزُرگ ہوگا اور خُدا تعالیٰ کا بیَٹا کہلائے گا اور خُداوند خُدا اُس کے باپ داؤد کا تخت اُسے دے گا۔ اور وہ یَعقُوب کے گھرانے پر ابدتک بادشاہی کرے گا اور اُس کی بادشاہی کا آخِر نہ ہوگا۔
چھٹے مہینے میں جبرائیل فرشتہ خُدا کی طرف سے گلیل کے ایک شہر میں جِس کا نام ناصرۃ تھا ایک کُنواری کے پاس بھیجا گیا۔ جِس کی منگنی داؤد کے گھرانے کے ایک مرد یُوسُف نام سے ہُوئی تھی اور کُنواری کا نام مریم تھا۔ اور فرشتہ نے اُس کے پاس اَندر آ کر کہا سَلام تُجھ کو جِس پر فضل ہُؤاہے! خُداوند تیرے ساتھ ہے۔
اور اُس نے قوم کے سب سَردار کاہِنوں اور فقہیوں کو جمع کر کے اُن سے پُوچھا کہ مسِیح کی پیَدائش کہاں ہونی چاہیے؟ اُنہوں نے اُس سے کہا یہُودیہ کے بیت الحم میں کِیُونکہ نبی کی معرفت یُوں لِکھا گیا ہے کہ اَے بیت الحم یہُوداہ کے علاقے تُو یہُوداہ کے حاکموں میں ہرگز سب سے چھوٹا نہیں۔ کِیُونکہ تُجھ میں سے ایک سَردار نِکلے گا جو میری اُمّت اِسرائیل کی گلّہ بانی کرے گا۔
لیکن جَب وقَت پُورا ہو گیا تو خُدا نے اپنے بَیٹے کو بھیجا جو عَورت سے پَیدا ہُؤا اور شرِیعَت کے ماتحت پیَدا ہُؤا۔ تاکہ شَریعَت کے ماتحوں کو مُول لے کر چھُڑالے اور ہم کو لے پالک ہونے کا درجہ مِلے۔
لیکن خُداوند تُم کو ایک نشان بخشے گا۔ دیکھو ایک کنواری حامِلہ ہوگی اور بَیٹا پَیدا ہوگا اور وہ اُس کا نام عِمانویل رکھّے گی۔
خُداوند تیرا خُدا تیرے لِئے تیرے ہی درمیان سے یعنی تیرے ہی بھائیوں میں سے میری مانِند ایک نبی برپا کرے گا۔ تُم اُس کی سُننا۔
مَیں انگُور کا درخت ہُوں تُم ڈالِیاں ہو۔ جو مُجھ میں قائِم رہتا ہے اور مَیں اُس میں وُہی بُہت پَھل لاتا ہے کیونکہ مُجھ سے جُدا ہو کر تُم کُچھ نہیں کر سکتے۔ میرے باپ کا جلال اِسی سے ہوتا ہے کہ تُم بُہت سا پَھل لاؤ۔ جب ہی تُم میرے شاگِرد ٹھہرو گے
یسُوع نے اُس سے کہا راہ اور حق اور زِندگی میَں ہُوں کوئی میرے وسیلہ کے بغَیر باپ کے پاس نہیں آتا۔
یسُوع نے اُس سے کہا قِیامت اور زِندگی تو میَں ہُوں۔ جو مُجھ پر اِیمان لاتا ہے گو وہ مَر جائے تو بھی زِندہ رہے گا۔
اچھّا چرواہا میَں ہُوں۔ جِس طرح باپ مُجھے جانتا ہے اور میَں باپ کو جانتا ہُوں۔ اِسی طرح میَں اپنی بھیڑوں کو جانتا ہُوں اور میری بھیڑیں مُجھے جانتی ہیں اور میَں بھیڑوں کے لِئے اپنی جان دیتا ہُوں۔
پس یِسُوعؔ نے اُن سے پِھر کہا مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں۔ کہ بھیڑوں کا دروازہ مَیں ہُوں۔ اگر کوئی مُجھ سے داخِل ہو تو نجات پائے گا اور اندر باہر آیا جایا کرے گا اور چارا پائے گا۔ چور نہیں آتا مگر چُرانے اور مار ڈالنے اور ہلاک کرنے کو۔ مَیں اِس لِئے آیا کہ وہ زِندگی پائیں اور کثرت سے پائیں۔۔
یسُوع نے پھِر اُن سے مُخاطب ہو کر کہا دُنیا کا نُور میَں ہُوں۔ جو میری پَیروی کرے گا وہ اندھیرے میں نہ چلے گا بلکہ زِندگی کا نُور پائے گا۔
یسُوع نے اُن سے کہا زِندگی کی روٹی میَں ہُوں۔ جو میرے پاس آئے وہ ہرگز بھُوکا نہ ہوگا اور جو مُجھ پر ایمان لائے وہ کبھی پیاسا نہ ہوگا۔
اگلے زمانہ میں خُدا نے باپ دادا سے حِصہ اور طرح بہ طرح نبیوں کی معرفت کلام کر کے۔ اِس زمانہ کے آخر میں ہم سے بیٹے کی معرفت کلام کِیا جِسے اُس نے سب چِیزوں کا وارِث ٹھہرایا اور جِس کے وسیلہ سے اُس نے عالم بھی پَیدا کِئے۔
اِبتدا میں کلام تھا اور کلام خُدا کے ساتھ تھا اور کلام خُدا تھا۔ یہی اِبتدا میں خُدا کے ساتھ تھا۔اور کلام مُجّسم ہُؤا اور فضل اور سَچائی سے معمُور ہو کر ہمارے درمیان رہا اور ہم نے اُس کا ایسا جلال دیکھا جَیسا باپ کے اِکلوتے کا جلال۔